راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا اڈیالہ جیل میں تفصیلی طبی معائنہ کیا گیا۔ اس مقصد کے لیے پمز اسپتال اسلام آباد کے ماہر ڈاکٹروں کی پانچ رکنی ٹیم خصوصی طور پر جیل پہنچی اور دو گھنٹے تک طبی جانچ پڑتال کی۔
اڈیالہ جیل ذرائع کے مطابق، پمز اسپتال کے شعبہ ای این ٹی کے سربراہ ڈاکٹر الطاف حسین، ڈینٹل شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر عمر فاروق، جنرل میڈیسن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد علی عارف، معدہ اور جگر کے شعبہ کے سربراہ ڈاکٹر عامر سلیم سمیت دیگر ماہرین نے معائنہ کیا۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر اڈیالہ جیل اسپتال کا عملہ بھی موجود تھا۔ ماہرین نے عمران خان کا مکمل طبی معائنہ کیا اور متعلقہ رپورٹس تیار کرنے کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔
یہ تفصیلی معائنہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پیدا ہونے والے خدشات کے بعد کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، ڈاکٹروں نے مختلف ٹیسٹ اور چیک اپ کیے، تاہم تفصیلی رپورٹس آئندہ دنوں میں منظرِ عام پر آنے کی توقع ہے۔




