مداحوں، ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا شکریہ، لیگ کرکٹ کھیلنے کا عندیہ
لاہور: قومی کرکٹر آصف علی نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے یہ اعلان اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا، جہاں انہوں نے مداحوں اور ساتھی کھلاڑیوں کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
آصف علی نے اپنے بیان میں کہا:
’’الحمدللہ، پاکستان کی جرسی پہننا میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے اور میدان میں ملک کی نمائندگی کرنا میری زندگی کا سب سے فخریہ لمحہ رہا ہے۔‘‘
انہوں نے اپنے کوچز، ساتھی کھلاڑیوں اور شائقینِ کرکٹ کی سپورٹ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان اور دوستوں کے بھی بے حد مشکور ہیں، جو مشکل اور خوشی کے ہر لمحے میں ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
یاد رہے کہ آصف علی کی بیٹی ورلڈ کپ کے دوران انتقال کر گئی تھی، جس کے باوجود وہ میدان میں ڈٹے رہے اور پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے۔
کرکٹ کیریئر
- آصف علی نے 21 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔
- وہ جارحانہ بیٹنگ کے باعث جانے جاتے ہیں اور کئی یادگار اننگز کھیل چکے ہیں۔
- ریٹائرمنٹ کے باوجود آصف علی نے واضح کیا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ اور دنیا بھر کی مختلف لیگز میں کھیلتے رہیں گے۔
پاکستانی کرکٹ شائقین نے آصف علی کے اس فیصلے پر مکس ردِعمل دیا ہے۔ کچھ مداحوں نے ان کے یادگار لمحات کو سراہا جبکہ دیگر نے ان کے کیریئر میں مزید تسلسل نہ ہونے پر افسوس ظاہر کیا۔




