نئی دہلی (نیوز اسٹوڈیو): بھارتی ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار آشیش کپور کو ایک خاتون سے زیادتی کے الزام میں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ یہ خبر بھارتی میڈیا پر سامنے آتے ہی مداحوں اور شوبز انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے ایف آئی آر درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ ان کی آشیش کپور سے دوستی انسٹاگرام پر ہوئی تھی۔ بعد ازاں اداکار نے انہیں اپنے ایک دوست کے گھر پر ہونے والی پارٹی میں بلایا، جہاں مبینہ طور پر واش روم کے اندر ان کے ساتھ زیادتی کی گئی۔
خاتون کے بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس واقعے کے دوران ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی گئی، تاہم پولیس کو ابھی تک آشیش کپور سے کوئی ایسی ویڈیو برآمد نہیں ہوئی۔ متاثرہ خاتون نے مقدمے میں اداکار آشیش کپور کے ساتھ ساتھ ان کے دوست، دوست کی بیوی اور دو نامعلوم افراد کو بھی نامزد کیا ہے، لیکن زیادتی کا الزام صرف آشیش کپور پر لگایا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تفتیش جاری ہے اور تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب آشیش کپور نے تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے خود کو بے گناہ ثابت کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب بھارت میں اداکاروں اور مشہور شخصیات کے خلاف ایسے مقدمات پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے اور سوشل میڈیا پر بھی یہ موضوع ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔