بھوجپوری فلم انڈسٹری ایک نئے تنازعے کی زد میں آگئی ہے، جب مشہور اداکارہ انجلی راگھو نے ساتھی اداکار پَون سنگھ کے نامناسب رویے کے بعد شوبز چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب گانے “سَیّاں سیوا کرے” کی پروموشنل تقریب جاری تھی۔ اس دوران پَون سنگھ نے انجلی کی اجازت کے بغیر ان کی کمر پر ہاتھ رکھا اور غیرمناسب مذاق کیا۔ یہ سب کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا اور ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

ویڈیو سامنے آنے کے بعد صارفین نے پَون سنگھ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، انہیں ’’بےشرم‘‘ اور ’’بدتمیز‘‘ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے کہا کہ انجلی واضح طور پر غیر آرام دہ محسوس کررہی تھیں، مگر موقع کے حالات کے باعث فوری ردعمل نہیں دے سکیں۔
انجلی راگھو نے بعد ازاں ایک لائیو سیشن میں اپنے مداحوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بےحد دلبرداشتہ ہیں اور اب بھوجپوری انڈسٹری میں مزید کام نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس رویے کو ناقابلِ برداشت سمجھتی ہیں اور ایسے ماحول میں رہنا ناممکن ہے۔

یہ واقعہ نہ صرف انجلی کے مداحوں کے لیے افسوسناک ہے بلکہ بھوجپوری انڈسٹری پر بھی ایک سوالیہ نشان چھوڑ گیا ہے، جہاں خواتین فنکاراؤں کو ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔




