ملتان (نیوز اسٹوڈیو): دریائے چناب کا خوفناک اور بپھرا ہوا سیلابی ریلا ملتان ڈویژن کی حدود میں داخل ہو گیا ہے، جس نے درجنوں بستیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ سیلابی پانی نے فصلوں، گھروں اور زمینوں کو ڈبو دیا ہے، جب کہ متاثرہ دیہات کے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، اکبر فلڈ بند پر پانی کی سطح میں 3 سے 4 فٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں قریبی گھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حفاظتی فلڈ بند دباؤ برداشت کرنے کی آخری حد کو چھونے لگے ہیں۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ ہیڈ محمد والا روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جب کہ پانی کو مخصوص سمت میں موڑنے کے لیے سڑک میں دانستہ شگاف ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں تاکہ ملتان شہر کو بڑے نقصان سے بچایا جا سکے۔
سیلابی ریلا اب اپنی پوری شدت کے ساتھ ملتان کے دیہی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، جہاں زمینیں اور کھیت مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے ہیں۔ درجنوں دیہات زیرِ آب آ چکے ہیں اور لوگ کشتیوں اور دیگر ذرائع سے محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار محدود وسائل کے ساتھ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں تاہم صورتحال ہر لمحے خطرناک ہوتی جا رہی ہے۔ انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محتاط رہیں اور سرکاری ہدایات پر فوری عمل کریں۔
اگر پانی کا بہاؤ اسی رفتار سے جاری رہا تو خدشہ ہے کہ ملتان شہر کے شہری علاقے بھی اس کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔




