لاہور: تازہ ترین آئی سی سی ٹی20 انٹرنیشنل رینکنگز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹرز کے لیے مایوس کن خبر سامنے آئی ہے، کیونکہ چار سال بعد پہلی مرتبہ کوئی بھی پاکستانی بیٹر ٹاپ 10 میں شامل نہیں رہا۔
سابق کپتان بابراعظم 18ویں نمبر پر چلے گئے ہیں، جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 23ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اس گراوٹ نے پاکستانی بیٹنگ کارکردگی کے حوالے سے نئے سوالات کو جنم دیا ہے۔

ادھر نوجوان کھلاڑی صائم ایوب اور حسن نواز کی انفرادی پرفارمنس میں بہتری ضرور آئی ہے، لیکن وہ اب تک رینکنگ میں اعلیٰ مقام حاصل نہیں کر سکے۔
آئی سی سی کی جاری کردہ فہرست کے مطابق، بھارتی بیٹر ابھیشیک شرما بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں، آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے دوسرا اور بھارت کے تلک ورما نے تیسرا نمبر حاصل کیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ رینکنگز عالمی ٹی20 منظرنامے میں تیزی سے بدلتی بیٹنگ پرفارمنس کو ظاہر کرتی ہیں، جبکہ پاکستانی بیٹرز کو دوبارہ ٹاپ 10 میں آنے کے لیے مستقل مزاجی اور بڑے میچز میں شاندار کارکردگی دکھانا ہوگی۔




