جعلی نوٹیفکیشن وائرل، پی ٹی اے نے تردید کردی
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر ایک جعلی نوٹیفکیشن وائرل ہوا جس میں دعویٰ کیا گیا کہ اگر کوئی صارف ایک ماہ میں پانچ سے زیادہ سمز اپنے موبائل میں استعمال کرے گا تو اس کا فون بلاک کردیا جائے گا۔ تاہم پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس خبر کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔
جعلی دستاویز پر پی ٹی اے کا لوگو موجود تھا اور اس میں صارفین کو ’’وارننگ‘‘ دی گئی تھی کہ پانچ سے زیادہ سمز استعمال کرنے پر ان کے نیٹ ورک سروسز معطل کر دی جائیں گی۔ اس خبر نے عوام میں تشویش پیدا کر دی، مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔
پی ٹی اے کی ڈائریکٹر کمیونی کیشنز زیب النساء نے وضاحت کی کہ ایسی کوئی ایڈوائزری جاری نہیں کی گئی۔ ان کے مطابق پی ٹی اے صرف آئی ایم ای آئی ڈپلیکیشن اور کلوننگ کی نگرانی کرتا ہے، اور مشکوک ڈیوائسز کو بلاک کرنے کے ساتھ ایف آئی اے کے تعاون سے چھاپے بھی مارے جاتے ہیں۔
ایک بڑی ٹیلی کام کمپنی جاز نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان میں ایسا کوئی تکنیکی نظام موجود ہی نہیں ہے جو ایک موبائل میں ماہانہ سمز کی تعداد کو محدود کرسکے۔
پی ٹی اے کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دے دیا گیا ہے اور عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں۔




