اسکردو (نیوز اسٹوڈیو): پاکستان کی نامور گلوکارہ قرۃ العین بلوچ دیوسائی نیشنل پارک میں کیمپنگ کے دوران ریچھ کے حملے کا شکار بن گئیں۔ اس واقعے نے مداحوں کو شدید صدمے اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قرۃ العین بلوچ اپنے دوستوں کے ساتھ دیوسائی کے حسین مگر خطرناک ماحول میں کیمپنگ کر رہی تھیں کہ اچانک ایک ریچھ ان کے قریب آ گیا۔ ریچھ نے ان پر جھپٹتے ہوئے اپنے تیز پنجوں سے حملہ کیا اور دونوں بازوؤں پر شدید زخم پہنچائے۔
واقعے کے فوراً بعد قرۃ العین بلوچ کو مقامی افراد کی مدد سے ریجنل اسپتال اسکردو منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ طبی معالجین کے مطابق ان کے بازو ریچھ کے وار سے متاثر ہوئے تاہم خوش قسمتی سے انہیں جان لیوا چوٹیں نہیں آئیں۔
ڈاکٹرز نے ابتدائی علاج کے بعد گلوکارہ کی حالت کو تسلی بخش قرار دیا اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

مقامی حکام کے مطابق دیوسائی نیشنل پارک میں ریچھوں کی موجودگی عام بات ہے اور سیاحوں کو خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی جاتی ہے۔ حکام نے کہا کہ وائلڈ لائف ڈپارٹمنٹ اس واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے مزید حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
قرۃ العین بلوچ کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر ان کی صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور جلد صحت مند ہونے کی دعا کی ہے۔