لاہور (نیوز اسٹوڈیو): لالی ووڈ کی مشہور جوڑی صاحبہ اور ریمبو کی پریم کہانی ہر دور میں مقبول رہی ہے۔ تاہم بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اداکارہ صاحبہ کی والدہ اور فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ نشو بیگم نے اس شادی کی سخت مخالفت کی تھی۔ اب ایک پوڈکاسٹ میں پہلی بار نشو بیگم نے اس مخالفت کی اصل وجہ بتا دی ہے۔
صاحبہ کا شوبز میں جنون اور دھمکی
نشو بیگم کے مطابق صاحبہ کو شروع سے ہی اداکارہ بننے کا جنون تھا۔ وہ اکثر کہتی تھیں:
’’اگر شوبز میں کام کرنے کی اجازت نہ ملی تو میں خودکشی کرلوں گی۔‘‘
اسی ضد کے باعث انہیں فلمی دنیا میں آنے دینا پڑا، جہاں انہیں تیزی سے کامیابیاں بھی ملنے لگیں۔
ریمبو سے ملاقات اور سب کچھ بدل جانا
نشو بیگم نے بتایا کہ فلمی دنیا میں قدم جمانے کے بعد صاحبہ کی ملاقات ریمبو سے ہوئی۔ یہی وہ لمحہ تھا جس نے سب کچھ بدل دیا۔
انہوں نے کہا:
’’صاحبہ کا فلموں کا جنون اور سب کچھ ریمبو کی محبت کے آگے کمزور پڑ گیا۔ اس نے فلموں کے بیچ ہی کام چھوڑنا شروع کر دیا اور بس شادی پر ضد کرنے لگی۔‘‘
شادی کی مخالفت کی اصل وجہ
نشو بیگم نے وضاحت کی کہ وہ صاحبہ اور ریمبو کی شادی کے خلاف نہیں تھیں بلکہ ایک ماں کی طرح فکر مند تھیں۔
’’فلموں میں سرمایہ کاروں کا کروڑوں روپے لگا ہوا تھا۔ اگر صاحبہ نے اچانک شادی کر کے فلمیں چھوڑ دیں تو پروڈیوسرز کا نقصان ہوتا۔ یہ لوگ نقصان برداشت نہیں کرتے، وہ تو بندوقیں اٹھا کر گھر آ سکتے ہیں۔‘‘
فلمی دنیا کا تلخ سچ
اداکارہ نشو نے مزید کہا کہ وہ صاحبہ کے فلم انڈسٹری میں آنے کی بھی اسی وجہ سے مخالف تھیں۔
’’یہ فیلڈ اپنی مرضی سے نہیں چھوڑی جاتی۔ نامکمل پراجیکٹس ہمیشہ آپ کے پاؤں کی زنجیر بن جاتے ہیں۔‘‘