اسلام آباد میں سنسنی خیز واقعہ، مقدمہ درج — سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل
اسلام آباد: سوشل میڈیا پر ایک خوفناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مشہور ٹک ٹاکر سامعیہ حجاب کو مبینہ طور پر ہراساں کرنے اور اغوا کرنے کی کوشش کی گئی۔ یہ خبر اس وقت منظرعام پر آئی جب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کے تھانہ شالیمار میں سامعیہ حجاب کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ ملزم حسن زاہد کئی دنوں سے متاثرہ ٹک ٹاکر کا تعاقب کر رہا تھا اور بار بار تحائف دے کر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہا تھا۔
اکتیس اگست کو شام ساڑھے چھ بجے، ملزم نے مبینہ طور پر سامعیہ حجاب کو گھر کے باہر زبردستی ساتھ لے جانے کی کوشش بھی کی۔ متاثرہ ٹک ٹاکر نے الزام لگایا کہ حسن زاہد نے کھلے عام بدلہ لینے اور قتل کی دھمکیاں بھی دیں۔
سامعیہ حجاب نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیو بیان پولیس کے حوالے کیے ہیں جبکہ تھانہ شالیمار پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
متاثرہ ٹک ٹاکر نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ان کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہیں اور حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ سامعیہ حجاب، مشہور ٹک ٹاکر ثنا یوسف کی قریبی دوست ہیں۔ یاد رہے کہ ثنا یوسف کو رواں سال ایک دیوانے مداح نے انکارِ دوستی پر گھر میں گھس کر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ یہ نیا واقعہ ایک بار پھر ٹک ٹاکرز کی سکیورٹی اور ان کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھا رہا ہے۔




